عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/سماجی و سیاسی کارکن انجینئرنظیر احمد یتو نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہاکی جانب سے منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے بروقت اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نوجوان نسل کے تحفظ اور معاشرے کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی لت خاص طور پر نوجوانوں کے لیے سنگین سماجی اور صحت سے متعلق مسائل پیدا کر رہی ہے، جس پر فوری توجہ دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے آج لال چوک میں منعقدہ پد یاترا کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی شمولیت اور بیداری کی ایک بہترین مثال ہے۔ انہوں نے نوجوانوں، سول سوسائٹی ارکان اور رضاکاروں کی شرکت کو قابلِ تحسین قرار دیا، جنہوں نے منشیات کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
نذیر احمد یتو نے کہا کہ اس نوعیت کی مزید مہمات اضلاع اور دیہات کی سطح پر چلائی جانی چاہئیں تاکہ عوام میں شعور بیدار ہو اور اجتماعی کوششوں کو فروغ ملے۔
انہوں نے کہا کہ جڑوں کی سطح پر عوامی شمولیت اور بیداری ہی اس چیلنج پر قابو پانے اور ایک صحت مند معاشرہ قائم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے منشیات کے خاتمے کے لیے جاری تمام کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
منوج سنہا کی منشیات مخالف مہم قابلِ ستائش، لال چوک پد یاترا امید افزا قدم: انجینئریتو