عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز کہا کہ منشیات کی غیر قانونی تجارت کاملی ٹینسی سے براہِ راست تعلق ہے اور انتظامیہ منشیات کے نیٹ ورک کو توڑنے اور نوجوانوں میں بڑھتی نشہ آوری کو روکنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کر رہی ہے۔
لوک بھون میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2021 سے نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت مسلسل اقدامات کئے جا رہے ہیں، تاہم نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں منشیات کے بڑھتے استعمال نے تشویش میں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا، ہمیں کچھ کامیابیاں ضرور ملی ہیں، مگر وہ نتائج حاصل نہیں ہوئے جن کی امید تھی۔ نوجوانوں میں بڑھتی لت تشویشناک ہے اور اس کے خلاف اجتماعی کارروائی کی ضرورت ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انتظامیہ نے تین نکاتی حکمت عملی اپنائی ہے، جس میں منشیات کی سپلائی چین کو ختم کرنا، نچلی سطح پر بیداری پیدا کرنا اور نشے کے عادی افراد کے علاج و بازآبادکاری کو یقینی بنانا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات سے حاصل ہونے والی رقم اکثر ملی ٹینٹ سرگرمیوں میں استعمال ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا، منشیات فروش بظاہر خوشحال دکھائی دیتے ہیں، مگر ان کا پیسہ آخرکار ملی ٹینسی اور تشدد کو ہوا دیتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر بھر میں شروع کی گئی 100 روزہ مہم میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ہے، جن میں نوجوان، خواتین، مذہبی رہنما، سول سوسائٹی کے نمائندے اور سیاسی جماعتوں کے کارکن شامل ہیں۔
قانونی کارروائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان میں ڈرائیونگ لائسنس منسوخی، گاڑیوں کی ضبطی، بینک کھاتوں کو منجمد کرنا، جائیداد ضبط کرنا اور پاسپورٹ منسوخی کی سفارش شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مفرور ملزمان کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں اور پورے نیٹ ورک کو نشانہ بنا کر سپلائی چین توڑی جا رہی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نشہ چھڑانے اور بازآبادکاری مراکز کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ وہاں مناسب سہولیات فراہم ہوں، جبکہ غیر معیاری مراکز کو بند کیا جائے گا۔ اسپتالوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ علاج کیلئے او پی ڈی اور آئی پی ڈی سہولیات مضبوط بنائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تین برس تک نگرانی کیلئے بھی نظام وضع کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی مستقل بحالی یقینی بنائی جا سکے۔
عوامی بیداری پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہم کو ہر ضلع، ہر گاؤں اور ہر گھر تک پہنچایا جا رہا ہے تاکہ خاندان بلا خوف و ہچکچاہٹ مدد حاصل کر سکیں۔
اس مہم کے سلسلے میں انہوں نے اتوار کو لال چوک تک فٹبال اسٹیڈیم سے پدیاترا کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا،جب سماج کی طاقت، قانون کا نفاذ اور انتظامیہ کا عزم ایک ساتھ آ جائے تو ہم اس لعنت کو فیصلہ کن شکست دے سکتے ہیں۔
نوجوان نسل میں بڑھتی نشہ آوری تشویشناک، اجتماعی اقدام ضروری: منوج سنہا