عظمیٰ ویب ڈیسک
پلوامہ/جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سکیورٹی فورسز نے ہفتہ کے روز ایک مشترکہ کارروائی کے دوران جنگجوؤں کے ایک معاون کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ یہ کارروائی پلوامہ پولیس نے فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کی 183 بٹالین کے اشتراک سے مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انجام دی۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ ٹیم نے راجپورہ کے قصبیار علاقے میں سی بی ناتھ روڈ کے نزدیک تلاشی کارروائی شروع کی۔
کارروائی کے دوران ایک جنگجو معاون، جس کی شناخت محمد عمر ملک ولد ساکن کچی پورہ کے طور پر ہوئی ہے، کو گرفتار کر لیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے اس کے قبضے سے ایک پستول، میگزین، زندہ کارتوس، دو ہینڈ گرینیڈ اور دیگر قابلِ اعتراض مواد برآمد کیا۔
پولیس تھانہ راجپورہ میں ایف آئی آر نمبر 75/2026 درج کرکے آرمز ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پلوامہ میں جنگجو معاون گرفتار، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد