عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/اننت ناگ-راجوری کے رکنِ پارلیمان میاں الطاف احمد نے جمعرات کے روز جموں-سری نگر وندے بھارت ایکسپریس کی توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو سے مطالبہ کیا ہے کہ وندے بھارت ایکسپریس کا اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر بھی باقاعدہ اسٹاپ مقرر کیا جائے۔جاری بیان کے مطابق میاں الطاف احمد نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس کی توسیع ایک خوش آئند قدم ہے، تاہم میں مرکزی وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو سے گزارش کرتا ہوں کہ اننت ناگ ریلوے اسٹیشن کو بھی وندے بھارت ایکسپریس کے شیڈول اسٹاپس میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی ریلوے وزیر سے اننت ناگ میں وندے بھارت کے توقف کی درخواست کر چکے ہیں، اور ایک بار پھر عوام کے وسیع تر مفاد میں اس مطالبے پر غور کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
میاں الطاف نے جموں سے سری نگر تک وندے بھارت ایکسپریس کی توسیع کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے وادی کشمیر قومی ریلوے نیٹ ورک سے مزید مضبوطی کے ساتھ جڑ جائے گی، تاہم اننت ناگ میں اسٹاپ نہ ہونے سے جنوبی کشمیر کے عوام کو دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ بانہال بنیادی طور پر ایک ٹرانزٹ پوائنٹ کے طور پر کام کرتا ہے، لیکن اننت ناگ ایک بڑی مستقل آبادی کا مرکز ہے جہاں طلبہ، تاجر، پیشہ ور افراد اور سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اننت ناگ میں وندے بھارت ایکسپریس کے توقف سے جنوبی کشمیر کے عوام کو بہتر اور مساوی سفری سہولت میسر آئے گی کیونکہ یہ علاقہ زیادہ بڑی آبادی اور وسیع کیچمنٹ ایریا کا حامل ہے۔رکنِ پارلیمان نے وزیرِ ریلوے سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ حکام کو ہدایت دیں کہ اننت ناگ کو جلد از جلد وندے بھارت ایکسپریس کا باضابطہ اسٹاپ قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ جنوبی کشمیر کے عوام کی طرف سے خوش آمدید کہا جائے گا اور وزارتِ ریلوے کی عوام دوست پالیسی کا ایک اور مثبت قدم ثابت ہوگا۔
رُکن پارلیمان میاں الطاف احمد کا اننت ناگ میں وندے بھارت ایکسپریس اسٹاپ دینے کا مطالبہ