عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی/بھارت کے حج عازمین کو حج 2026 کے لیے فضائی کرایوں میں اضافے کے سبب مزید 10 ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے اس سلسلے میں ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے تمام رجسٹرڈ عازمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ 15 مئی تک “اضافی فضائی کرایہ” (Differential Airfare) کی مد میں یہ رقم جمع کریں۔
سرکلر کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران کے باعث ایوی ایشن ٹربائن فیول (ATF) کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں فی عازم تقریباً 100 امریکی ڈالر اضافی چارج عائد کیا گیا ہے، چاہے روانگی کا مقام کوئی بھی ہو۔
ایئرلائنز کی جانب سے بنیادی کرایوں میں 400 امریکی ڈالر سے زائد اضافے کی درخواستوں کے پیشِ نظر، متعلقہ فریقین سے مشاورت اور حقائق کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
حج کمیٹی کے مطابق تمام عازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ رقم آن لائن ای-پیمنٹ کے ذریعے یا اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور یونین بینک آف انڈیا کی نامزد شاخوں میں مخصوص پے اِن سلپ کے ذریعے جمع کریں۔ ادائیگی کے وقت ہر کور نمبر کے لیے جاری کردہ منفرد بینک ریفرنس نمبر کا اندراج لازمی ہوگا۔
تمام ریاستی اور مرکزی زیرِ انتظام علاقوں کی ہج کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر عازمین کو مطلع کریں اور مقررہ تاریخ تک ادائیگی کو یقینی بنائیں۔
حج 2026: فضائی کرایوں میں اضافے کے باعث عازمین پر مزید 10 ہزار روپے کا بوجھ