عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/مرکزی وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو 30 اپریل کو جموں اور سری نگر کے درمیان 20 کوچوں پر مشتمل وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے، جبکہ عام عوام کے لیے اس سروس کا آغاز 2 مئی سے ہوگا۔
جموں اور سری نگر کے درمیان براہِ راست ٹرین سروس شروع ہونے سے دونوں دارالحکومتوں کے درمیان سفر کا وقت کم ہوگا، سیاحت کو فروغ ملے گا اور ہر موسم میں بہتر زمینی رابطہ میسر آئے گا۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 6 جون 2025 کو کٹرہ اور سری نگر کے درمیان پہلی براہِ راست ٹرین سروس کا افتتاح کیا تھا، جسے اب جموں توی ریلوے اسٹیشن تک توسیع دی جا رہی ہے۔
کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والے 28 ہزار کروڑ روپے مالیت کے ریلوے منصوبے پر کام 1990 کی دہائی کے آخر میں شروع ہوا تھا، جبکہ وادی کشمیر میں پہلی ٹرین اکتوبر 2008 میں چلائی گئی تھی۔
اگرچہ ریلوے سروس 2005 تک ادھم پور پہنچ چکی تھی، تاہم پیر پنجال کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں کی وجہ سے وادی کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنا ایک بڑا چیلنج رہا، جو بالآخر 2025 میں ممکن ہو سکا۔
حکام کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ 20 کوچوں والی وندے بھارت ٹرین جموں توی سے اپنی پہلی سفر کا آغاز کرے گی اور دشوار گزار راستوں سے گزرتے ہوئے سری نگر پہنچے گی۔ اسی دوران سری نگر سے بھی ایک ٹرین جموں کے لیے روانہ ہوگی۔
سروس کے آغاز سے قبل منگل کے روز جموں سے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ تک ٹرین کا آزمائشی سفر بھی کامیابی سے انجام دیا گیا۔
یہ ٹرین 267 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی اور ہفتے میں چھ دن جموں سے سری نگر اور سری نگر سے جموں چلے گی۔ منگل کے روز اس روٹ پر ٹرین سروس دستیاب نہیں ہوگی۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگھل نے کہا کہ مقامی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ یہ وندے بھارت ایکسپریس مسافروں کو عالمی معیار کے سفر کا تجربہ فراہم کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرین میں ’کَوَچ‘ حفاظتی نظام، جی پی ایس پر مبنی معلوماتی نظام اور آرام دہ گھومنے والی نشستیں فراہم کی گئی ہیں۔ اس سروس سے نہ صرف سفر کا وقت کم ہوگا بلکہ مقامی معیشت اور سیاحت کو بھی بڑا فروغ ملے گا۔
وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے کہا کہ اس سروس سے یقیناً سیاحت کے شعبے کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے صرف آٹھ کوچوں والی ٹرین چل رہی تھی، جبکہ اب 20 کوچوں کی ٹرین سے زیادہ مسافر سفر کر سکیں گے۔
ریلوے وزیر اشونی ویشنو جمعرات کو جموں-سری نگر وندے بھارت ٹرین کو جھنڈی دکھائیں گے، عوامی سروس 2 مئی سے شروع