عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/لیفٹنٹ گورنرمنوج سہا نے بدھ کے روز جموں میں واقع لوک بھون میں ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ امرناتھ یاترا کے انتظامات و تیاریوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
میٹنگ میں سینئر پولیس اور انتظامی افسران نے شرکت کی، جن میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس پربھات بھی شامل تھے۔ اجلاس میں امن و قانون کی صورتحال اور مختلف سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان باہمی تال میل کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں جموں و کشمیر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، خاص طور پر سالانہ امرناتھ یاترا کے پرامن، محفوظ اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ یاترا ہر سال ہزاروں عقیدت مندوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق حساس علاقوں میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے، احتیاطی تدابیر بڑھانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل کے نظام کو مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تمام سیکیورٹی اداروں کے درمیان مربوط رابطے اور بروقت کارروائی کی اہمیت اجاگر کی۔
اجلاس میں انتظامیہ کی منشیات سے پاک معاشرہ بنانے کی مہم کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے تحت منشیات کے خلاف کارروائیوں کو تیز کرنے اور عوامی بیداری مہمات کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔
جموں میں ایل جی منوج سنہا کا اعلیٰ سطحی اجلاس، یاترا سیکیورٹی پر غور خوض