عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/بٹہ مالو کے میر آباد میں بدھ کے روز پانی کی شدید قلت کے خلاف درجنوں مقامی خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بٹہ مالو-ٹینگپورہ مرکزی سڑک کو کچھ وقت کے لیے بند کر دیا، جس سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔
عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین صبح کے وقت سڑک پر جمع ہوئے اور علاقے میں پینے کے پانی کی باقاعدہ فراہمی یقینی نہ بنانے پر متعلقہ حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔
احتجاج کرنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ علاقے میں کئی روز سے پانی دستیاب نہیں ہے، جس کی وجہ سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
ایک خاتون نے کہا کہ کئی دنوں سے پانی نہیں آ رہا، روزمرہ کے تمام کام متاثر ہو چکے ہیں اور متعدد بار درخواستوں کے باوجود کوئی سنوائی نہیں ہو رہی۔
ایک اور مقامی خاتون نے کہا کہ پانی کی قلت کے باعث خاندانوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، خاص طور پر خواتین، بچوں اور بزرگوں کو زیادہ پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی حاصل کرنے کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔
مظاہرین نے متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا کہ پانی کی سپلائی فوری طور بحال کی جائے، بصورت دیگر احتجاج کو مزید شدت دی جائے گی۔
ادھر احتجاج کے باعث مصروف بٹہ مالو-ٹینگپورہ سڑک پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔
بٹہ مالو کے میرآباد میں پانی کی قلت،خواتین سراپا احتجاج، سپلائی کی فوری بحالی کا مطالبہ