عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم نشہ مکت جموں وکشمیر کے تحت سرینگر پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے۔
پولیس اسٹیشن رعناواری نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-F کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ملزم بلال احمد ولد علی محمد ساکن سلطان محلہ، سعید کدل، سرینگر کی ایک منزلہ رہائشی عمارت اور 11 مرلہ اراضی کو ضبط کیا۔
پولیس کے مطابق مذکورہ ملزم ایف آئی آر نمبر 39/2022 میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/20-29 کے تحت نامزد ہے۔
تحقیقات کے دوران یہ جائیداد منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل شدہ آمدنی سے بنائی گئی قرار دی گئی، جس کے بعد اسے ضبط کیا گیا۔
سرینگر پولیس نے کہا کہ یہ کارروائی منشیات فروشوں کے مالی نیٹ ورک کو توڑنے اور خطے سے منشیات کے ناسور کا خاتمہ کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ منشیات اسمگلنگ سے متعلق معلومات فراہم کر کے پولیس کا تعاون جاری رکھیں۔
سرینگر پولیس کی بڑی کارروائی: منشیات فروش کی ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط