عظمیٰ یب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان کو جموں و کشمیر کا سچا دوست اور ہمدرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرکز کی جانب سے دیہی رابطہ سڑکوں کے منصوبے خطے میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔
سرینگر کے SKICC میں پی ایم جی ایس وائی-4 (بیچ دوم) کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران شیوراج سنگھ چوہان نے جموں و کشمیر کی مسلسل حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’آپ نہ صرف جموں و کشمیر کے دوست ہیں بلکہ حقیقی خیر خواہ بھی ہیں۔ مدھیہ پردیش میں بھی لوگ آپ کو ’ماما‘ کہتے ہیں اور یہ لقب عوامی احترام کی علامت ہے۔‘‘
عمر عبداللہ نے کہا کہ ترقیاتی امور پر مسلسل رابطے کے باعث مرکزی وزیر کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے، ان پر جلد زمینی سطح پر کام شروع کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی منصوبے نے جموں و کشمیر کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں زندگی بدل دی ہے۔ انھوں نےکہا جو لوگ پہلےسڑک تک پہنچنے کیلئے چار سے پانچ گھنٹے پیدل سفر کرتے تھے، آج انہیں موٹر ایبل رابطہ میسر ہے۔ فیز دوم، سوم اور اب چہارم کے باعث اسپتالوں، اسکولوں اور بازاروں تک رسائی بہتر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دیہی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور پہاڑی علاقوں کی چھوٹی و بکھری آبادیوں کو بھی رابطہ سڑکوں سے جوڑنے پر توجہ دے رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اصل طاقت دیہات میں ہے، کیونکہ ہماری معیشت اور تہذیب دیہی علاقوں سے جڑی ہوئی ہے، اس لیے دیہی معیشت کو ہر ممکن طور مستحکم بنایا جائے گا۔
انہوں نے دیہی ترقی، خود امدادی گروپوں اور خواتین کی قیادت میں کاروباری مواقع بڑھانے کیلئے جاری اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ ساتھ ہی زراعت اور باغبانی شعبے کیلئے موسمی چیلنجز کے پیش نظر فصل بیمہ نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ پی ایم جی ایس وائی-4 کے تحت منظور شدہ تمام منصوبوں کو مشن موڈ میں مکمل کیا جائے گا تاکہ جموں و کشمیر میں رابطہ سڑکوں کا نظام مزید بہتر ہو سکے۔
تقریب میں سینئر افسران، اراکین اسمبلی اور مرکز و یوٹی انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
عمر عبداللہ نے شیوراج چوہان کو جموں و کشمیر کا سچا دوست قرار دیا | کہا مرکز کی دیہی سڑک پالیسی سے بدل رہی ہے دیہی زندگی