عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وسطی ضلع بڈگام کے کھاگ علاقے میں واقع تین قدرتی چشموں کے پانی کو پینے کے لیے غیر محفوظ قرار دے دیا گیا ہے، جس کے بعد متعلقہ حکام نے عوام کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر، پی ایچ ای سب ڈویژن بیروہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق زرگر محلہ، اپری باغ اور سوگین علاقوں میں موجود چشموں کے پانی کے نمونے بلاک میڈیکل آفیسر (بی ایم او) کھاگ کی جانب سے جانچ کے بعد پینے کے لیے غیر محفوظ پائے گئے ہیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے عوام ان چشموں کے پانی کو صرف دھلائی اور دیگر غیر پینے کے مقاصد کے لیے استعمال کریں اور اگلے احکامات تک اسے پینے سے گریز کریں۔
حکام نے مزید ہدایت دی ہے کہ اگر کسی مجبوری یا ہنگامی صورتحال میں اس پانی کا استعمال ناگزیر ہو تو اسے اچھی طرح ابالنے کے بعد ہی استعمال کیا جائے تاکہ ممکنہ صحت کے خطرات سے بچا جا سکے۔
بڈگام کے کھاگ علاقے میں تین چشموں کا پانی پینے کے لیے غیر محفوظ قرار