عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/مرکزی وزیر محنت و روزگار منسکھ مانڈویا نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت مزدوروں کی عزت، تحفظ اور بہتر صحت سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کی اسکیموں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔منسکھ مانڈویا نے جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام کے اومپورہ میں 30 بستروں پر مشتمل ایمپلائز اسٹیٹ انسورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) اسپتال کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ کشمیر خطے کا پہلا ای ایس آئی سی اسپتال ہے، جس سے مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو صحت خدمات تک رسائی اور سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوطی ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 165 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے اس اسپتال میں مستقبل میں 100 بستروں تک توسیع کی سہولت بھی موجود ہے۔ اس اسپتال سے 50 ہزار سے زائد مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو براہِ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
مرکزی وزیر نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو ملک اپنے مزدوروں کی عزت کرتا ہے وہ ترقی کی راہ میں ناقابلِ شکست رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی محنت سے ہی قوم آگے بڑھتی ہے، اس لیے ان کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح کے میدان میں ہندوستان کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے اور سماجی تحفظ کے شعبے میں ملک کی کامیابیوں کو سراہا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں سماجی تحفظ کا دائرہ 2015 کے 19 فیصد سے بڑھ کر 2025 میں 64.3 فیصد ہو گیا ہے۔
چار نئی لیبر کوڈز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات سے لیبر نظام زیادہ شفاف، جدید اور مزدور دوست بن گیا ہے۔ ان قوانین کے تحت سالانہ صحت معائنہ، لازمی تقرری خط اور کم از کم اجرت جیسے اہم انتظامات شامل کیے گئے ہیں۔ ای ایس آئی سی اسپتالوں کے ذریعے سالانہ صحت جانچ سے مزدوروں کو احتیاطی طبی سہولیات ملیں گی اور بیماریوں کی بروقت تشخیص ممکن ہو سکے گی۔
مزدوروں کو بہتر صحت سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح: ڈاکٹر منسکھ مانڈویا