عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے سانبہ اور ڈوڈہ اضلاع میں فرائض کی انجام دہی میں مبینہ غفلت برتنے پر محکمہ مال کے ایک ملازم اور ایک فارسٹ گارڈ کو معطل کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع سانبہ میں ڈپٹی کمشنر آیوشی سودن نے گرداور پنکج سنگھ جموال کو مقررہ مدت کے اندر ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن مکمل نہ کرنے پر معطل کرنے کا حکم دیا۔ سرکاری حکم کے مطابق تحصیلدار بڑی براہمناں نے رپورٹ دی تھی کہ 8 اپریل سے 15 اپریل کے درمیان پٹواری حلقہ اسمیلپور میں ایک بھی جمعبندی ڈیجیٹائز نہیں کی گئی۔
حکم میں کہا گیا کہ متعلقہ اہلکار کا رویہ سنگین غفلت اور فرائض میں کوتاہی کو ظاہر کرتا ہے۔ انکوائری مکمل ہونے تک مذکورہ ملازم کو فوری طور پر معطل کر کے تحصیلدار سانبہ کے دفتر سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ وجے پور کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے اور انہیں 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ادھر ضلع ڈوڈہ میں بھی محکمہ جنگلات کے بیٹ گارڈ مشتاق احمد کو اس وقت معطل کر دیا گیا جب بھدرواہ علاقے میں غیر قانونی دیودار لکڑی لے جانے والی ایک گاڑی ضبط کی گئی۔ حکام کے مطابق فاریسٹ پروٹیکشن فورس اور نیرو رینج کے عملے کی مشترکہ ٹیم نے 21 اور 22 اپریل کی درمیانی شب گاؤں جلگا میں کارروائی کے دوران 20 عدد دیودار کی تازہ لکڑی کے تختوں سے لدی گاڑی کو روک لیا۔کارروائی کے دوران متعلقہ بیٹ گارڈ کو اسی راستے پر اپنی ذاتی گاڑی میں جاتے ہوئے پایا گیا جبکہ اس کے قبضے سے ایک بیگ میں رکھا مکینیکل کٹر بھی برآمد ہوا۔
معطل کیے گئے بیٹ گارڈ کو انکوائری مکمل ہونے تک ڈویژنل فاریسٹ آفس بھدرواہ کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ لکڑی کے ماخذ کا پتہ لگانے، ذمہ داری طے کرنے اور مزید قانونی کارروائی کے لیے تفصیلی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے اور ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
فرائض کی انجام دہی میں مبینہ غفلت برتنے پر محکمہ مال کا ملازم اور فارسٹ گارڈ معطل