عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سرینگر کے حیدرپورہ علاقے میں ایک ہوٹل کی لفٹ گرنے کے نتیجے میں بنگلورو سے تعلق رکھنے والے 6 سیاح زخمی ہوگئے۔ جمعہ کے روز پیش آئے اس واقعے کے بعد تمام زخمیوں کو علاج کے لیے بون اینڈ جوائنٹ اسپتال برزلہ منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سیاحوں کا ایک گروپ حیدرپورہ کے ایک ہوٹل میں مقیم تھا۔ لفٹ اچانک گرنے سے ان افراد کو ٹانگوں اور جسم کے نچلے حصوں میں مختلف نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
زخمیوں کی شناخت ونکاٹیش (65) ولد مونی تھمیاہ، ڈی منگلا (54) زوجہ آر ایل مورتی، کشالا (18) دختر جے رام، پنکجا (16)، وینکٹ لکشمیاما (60) زوجہ چنیا، اور سوبھاگیہ(60) زوجہ ونکاٹیش کے طور پر ہوئی ہے۔ تمام افراد بنگلورو کے رہائشی ہیں اور حادثے کے وقت ہوٹل میں قیام پذیر تھے۔واقعے کی اصل وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں، جبکہ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
اس حادثے کے بعد سیاحتی مراکز میں حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، خاص طور پر ان ہوٹلوں میں جو سیاحوں کی میزبانی کرتے ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات شروع کیے جانے کا امکان ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس میں کسی قسم کی غفلت شامل تھی یا نہیں۔