حرفِ حق
امتیاز خان
کشمیر کو صدیوں سے جنت نظیر کہا جاتا رہا ہے، مگر المیہ یہ ہے کہ اس ’جنت ‘کو رفتہ رفتہ چند حسین مناظر کی قید میں محدود کر دیا گیا ہے۔ برف پوش پہاڑ، سبزہ زار وادیاں اور شفاف جھیلیں یقینا اپنی جگہ دلکش ہیں، لیکن جب ایک پورے خطے کی شناخت کو محض چند تصویری جھلکیوں تک سمیٹ دیا جائے تو یہ حسن کی تکمیل نہیں بلکہ اس کی تحریف بن جاتی ہے۔ سیاحتی بروشرز، کیلنڈر اور سوشل میڈیا مہمات میں پیش کیا جانے والا کشمیر ایک جمالیاتی منظرنامہ تو ضرور ہے، مگر وہ ایک سطحی تاثر سے آگے نہیں بڑھ پاتا۔ حقیقت یہ ہے کہ جنت کسی جغرافیائی منظر کا نام نہیں، بلکہ ایک جیتی جاگتی تہذیب، ایک مربوط طرزِ زندگی اور انسانوں کے باہمی رشتوں کی لطافت کا استعارہ ہوتی ہے۔کشمیر کی اصل خوبصورتی اس کے لوگوں کی سادہ مزاجی، مہمان نوازی، صدیوں پرانی روایات، زبان کی مٹھاس اور دستکاریوں کی باریکیوں میں مضمر ہے ۔وہ پہلو جو کیمرے کی آنکھ سے زیادہ دل کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ مقامی ہنرمندوں کی کاریگری، کشمیری شالوں اور قالینوں کی نفاست، لکڑی کے فنون اور باغبانی میں مہارت، ہر چیز میں انسانی محنت اور ثقافت کی جھلک نظر آتی ہے۔ اگر ہم صرف جھیلوں اور پہاڑوں کو ہی کشمیری جنت کے طور پر پیش کریں تو یہ تصویر نہ صرف نامکمل بلکہ حقیقت کے برخلاف ہو جاتی ہے۔
موجودہ سیاحتی حکمت عملیوں کا محدود دائرہ نہ صرف ادھوری تصویر پیش کرتا ہے بلکہ عملی مسائل بھی پیدا کرتا ہے۔ جب چند مخصوص مقامات کو ہی بار بار’برانڈ‘بنا کر پیش کیا جاتا ہے تو سیاحوں کا غیر متوازن ہجوم انہی جگہوں تک محدود رہتا ہے۔ اس کے نتیجے میں ماحولیاتی دبائو بڑھتا ہے، قدرتی وسائل متاثر ہوتے ہیں اور مقامی آبادی کو روزمرہ زندگی میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کم معروف علاقے جو ثقافتی، تاریخی یا ماحولیاتی اعتبار سے کم اہمیت کے حامل نہیں لیکن نظرانداز ہو کر ترقی کے مواقع سے محروم رہ جاتے ہیں۔ اس یک رخی حکمت عملی سے نہ صرف قدرتی توازن بگڑتا ہے بلکہ مقامی کمیونٹی کی ثقافتی خودی بھی متاثر ہوتی ہے۔یک رخی سیاحت مقامی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار نہیں کر پاتی۔
جب آمدنی کے ذرائع چند مخصوص علاقوں یا موسموں تک محدود ہوں تو معاشی عدم توازن پیدا ہوتا ہے۔ اس کے برعکس، اگر سیاحت کو ثقافتی میلوں، مقامی ہنر، زرعی طرزِ زندگی، دیہی تجربات اور روایتی رہن سہن سے جوڑا جائے تو نہ صرف سال بھر سرگرمیاں ممکن ہو سکتی ہیں بلکہ مقامی ہنرمندوں، کسانوں اور چھوٹے کاروباروں کو بھی فروغ ملتا ہے۔ یوں سیاحت محض تماشائی سرگرمی نہیں رہتی بلکہ ایک باوقار معاشی سہارا بن جاتی ہے۔ سیاحت کے اخلاقی اور سماجی پہلو بھی اہم ہیں۔ ذمہ دار سیاحت وہی ہے جو مقامی ثقافت، روزمرہ زندگی اور ماحول کو نقصان نہ پہنچائے بلکہ اس کے تحفظ میں کردار ادا کرے۔ جب سیاح صرف دیکھنے اور لطف اندوز ہونے کیلئے آتے ہیں اور مقامی کمیونٹی کے مسائل کو نظرانداز کرتے ہیں، تو یہ تعلق عارضی اور غیر حساس بن جاتا ہے۔ اسی طرح مقامی کمیونٹیز میں شعور پیدا کرنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ اپنی ثقافت اور وسائل کا تحفظ ایک اہم ذمہ داری سمجھیں کیونکہ یہ دیرپا ترقی کی ضمانت ہے۔
سیاحتی منصوبہ بندی میں پالیسی سازوں کی ذمہ داری بھی کم نہیں۔ اوپر سے مسلط کردہ منصوبہ بندی کے بجائے، نچلی سطح سے منصوبہ بندی، مقامی آوازوں کی شمولیت اور فیصلہ سازی میں کمیونٹیز کو شریک کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ تعلیم اور آگاہی کے ذریعے سیاحوں کو یہ سمجھانا ہوگا کہ وہ جس خطے کا رخ کر رہے ہیں وہ محض ایک خوبصورت منظرنامہ نہیں بلکہ ایک جیتی جاگتی تہذیب ہے، جس کے ساتھ تعلق اور احترام ضروری ہے۔کشمیر کی تاریخی اور ثقافتی دولت بھی قابل ذکر ہے۔ صدیوں پرانی مساجد،زیارتگاہیں ،مندر،گردوارے ، باغات اور محلہ جاتی روایات انسانی تاریخ کی ایک زندہ تصویر پیش کرتی ہیں۔ مقامی کھانوں، زبان، موسیقی اور لوک کہانیوں کی بدولت ایک سیاح محض قدرتی حسن نہیں بلکہ انسانی تہذیب کے ایک گہرے تجربے سے بھی گزرتا ہے۔ یہ پہلو نہ صرف سیاحت کے معیار کو بلند کرتے ہیں بلکہ مقامی کمیونٹی کے ثقافتی فخر کو بھی مستحکم کرتے ہیں۔لہٰذا وقت کا تقاضا ہے کہ کشمیر کو صرف ایک خوبصورت تصویر کے طور پر نہیں بلکہ ایک زندہ، متحرک اور ہمہ جہت حقیقت کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔ سیاحت کو محض نظاروں کی نمائش سے نکال کر ایک جامع تجربہ بنایا جائے، جس میں ثقافتی، دیہی اور پائیدار سیاحت شامل ہو۔ مقامی برادریوں کو اس عمل کا فعال حصہ بنایا جائے تاکہ نہ صرف معاشی فوائد کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو بلکہ ثقافتی شناخت بھی برقرار رہے۔ اسی طرح کم معروف علاقوں کی ذمہ دارانہ ترویج سے سیاحتی دبائو کو متوازن کیا جاسکتا ہے۔کشمیر میں فطرت کا حسن اور انسان کی تہذیبی روح ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہیں۔ یہی وہ جامع نظریہ ہے جو جنت کو محض ایک منظر نہیں بلکہ ایک مکمل اور بامعنی تجربہ بنا سکتا ہے۔ تبھی ہم واقعی یہ کہہ سکیں گے کہ ہم نے جنت کو نہ صرف دیکھا بلکہ اسے سمجھا اور محسوس کیا۔ یہ ایک ایسا تجربہ ہے جو ہمیں قدرت اور انسان کی ہم آہنگی کی اصل اہمیت سے روشناس کرواتا ہے اور سیاحت کو ایک ذمہ دار اور بامقصد عمل کے طور پر پیش کرتا ہے۔
[email protected]