عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وادی کشمیر کے مختلف علاقوں بشمول سری نگر میں پیر کے روز ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال کے باعث روزمرہ زندگی اور ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر رہی۔ یہ ہڑتال سمارٹ سٹی بس سروس کو اضلاع تک توسیع دینے کے مجوزہ فیصلے کے خلاف کی گئی۔
احتجاج کے دوران نجی ٹرانسپورٹ آپریٹرز، جن میں بس، سومو اور ٹاویرا ڈرائیور شامل ہیں، سڑکوں سے غائب رہے جبکہ وادی کے مختلف بس اسٹینڈز پر دھرنے بھی دیے گئے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری سرپرستی میں چلنے والی بس سروس کو اضلاع تک بڑھانے سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار متاثر ہو سکتا ہے جو نجی ٹرانسپورٹ پر منحصر ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس فیصلے کو واپس لیا جائے کیونکہ اس سے کاروبار میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگی اور آمدنی میں کمی کا خدشہ ہے۔
اگرچہ ہڑتال کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ متاثر رہی، تاہم نجی گاڑیاں معمول کے مطابق چلتی رہیں جس سے شہر میں مکمل تعطل پیدا نہیں ہوا۔
حالات مجموعی طور پر پرامن رہے، احتجاج مقررہ مقامات تک محدود رہا۔
سمارٹ بس نے سروس کی توسیع کے خلاف ہڑتال، وادی کشمیر میں ٹرانسپورٹ نظام متاثر