عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے جمعہ کے روز تہاڑ جیل میں قید رکن پارلیمان انجینئر رشید کے علیل والد خضر محمد شیخ کی سرینگر کے شیرِ کشمیر میڈیکل کالج ہسپتال (ایس ایم ایچ ایس) میں عیادت کی۔
الطاف بخاری نے خضر محمد شیخ کی حالت کو “انتہائی نازک” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ شدید علالت کے باعث وینٹی لیٹر پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کے اہل خانہ انتہائی کرب اور مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔
اپنی پارٹی کے صدر نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے اپیل کی کہ وہ قید رہنما انجینئر رشید کو پیرول فراہم کریں تاکہ وہ اپنے علیل والد اور پریشان حال اہل خانہ کے ساتھ اس مشکل وقت میں موجود رہ سکیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس نازک وقت میں انہیں اہل خانہ کے ساتھ رہنے کی اجازت دینا ایک انسانی اور باوقار فیصلہ ہوگا، جسے جموں و کشمیر کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔
الطاف بخاری نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ خضر صاحب کو شفا کاملہ عطا فرمائے اور انہیں اس سنگین بیماری سے نجات دے۔
الطاف بخاری کی مقید رکن پارلیمان انجینئر رشید کے علیل والد کی عیادت، وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ سے پیرول دینے کی اپیل