عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/شمالی ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ وہ 17 اپریل سے دہلی اور کشمیر کے بڈگام کے درمیان روزانہ پارسل ٹرین سروس شروع کرے گا، جس سے پھل اگانے والوں اور دستکاری کے تاجروں کو تیز اور سستا متبادل میسر آئے گا، جو طویل عرصے سے سڑک کے غیر یقینی نظامِ نقل و حمل کی شکایات کرتے رہے ہیں۔
ریلوے کے ایک سینئر افسر کے مطابق اس سروس کو باضابطہ طور پر جوائنٹ پارسل پروڈکٹ-ریپڈ کارگو سروس (JPP-RCS) کا نام دیا گیا ہے، جو 31 مئی تک آزمائشی بنیادوں پر نئی دہلی کے آدرش نگر اور وسطی کشمیر کے بڈگام کے درمیان چلائی جائے گی اور قومی امکان ہے کہ اِس سروس کو مستقل بنا دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرین نمبر 00462 بڈگام سے صبح 6 بج کر 15 منٹ پر روانہ ہوگی اور اگلے دن صبح 5 بجے آدرش نگر پہنچے گی، جبکہ واپسی کی ٹرین نمبر 00461 صبح 5 بجے آدرش نگر سے روانہ ہو کر اگلے دن 10 بج کر 45 منٹ پر بڈگام پہنچے گی۔یہ ٹرین بڑی براہمناں اور امبالہ کینٹ پر لوڈنگ اور ان لوڈنگ کے لیے رکے گی۔ حکام کے مطابق تاجروں کی رائے کے بعد بڑی براہمناں میں قیام کے اوقات میں ترمیم کی گئی ہے۔
ٹرین میں آٹھ پارسل وینز اور ایک نشست و سامان کے لیے مخصوص کوچ شامل ہوگا۔افسر نے کہا کہ اس سروس کا مقصد جموں و کشمیر کی معیشت کو مضبوط بنانا اور زعفران، اخروٹ، پشمینہ شال اور دیگر دستکاری مصنوعات کی قومی منڈیوں تک ترسیل کو تیز کرنا ہے۔میڈیا کیساتھ بات کرتے ہوئے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اچت سنگھل نے کہا کہ یہ فیصلہ مسلسل مطالبے کے بعد لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاہماری اولین ترجیح پھل اگانے والوں اور دستکاری کے تاجروں کو تیز، محفوظ اور کم خرچ نقل و حمل فراہم کرنا ہے۔
شمالی ریلوے کا اہم اقدام ،دہلی-بڈگام روزانہ پارسل ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان