عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جنوبی کشمیر کے ہمالیائی علاقے میں واقع مقدس گھپا کیلئے سالانہ امرناتھ یاترا کی رجسٹریشن بدھ کے روز شروع ہوگئی، جس کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں عقیدت مند رجسٹریشن مراکز پر پہنچ گئے۔حکام کے مطابق پیشگی رجسٹریشن آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے دستیاب ہے۔ 57 روزہ یاترا 3 جولائی سے شروع ہوگی جو روایتی 48 کلومیٹر طویل ننوان-پہلگام راستے (ضلع اننت ناگ) اور 14 کلومیٹر مختصر مگر دشوار گزار بالتل راستے (ضلع گاندربل) سے گزرتی ہے، جبکہ یہ یاترا 28 اگست کو رکشا بندھن کے دن اختتام پذیر ہوگی۔
پنجاب نیشنل بینک کے جموں سرکل ہیڈ اور ڈپٹی جنرل منیجر پنکج کمار ورما نے میڈیا کو بتایا کہ یاترا کی رجسٹریشن کا آغاز ہوچکا ہے اور زبردست رش دیکھنے کو مل رہا ہے کیونکہ عقیدت مند بڑی تعداد میں رجسٹریشن کیلئے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب نیشنل بینک یاترا کا نوڈل بینک ہے اور ملک بھر میں 556 بینک شاخیں رجسٹریشن کے عمل میں شامل ہیں، جن میں سے 310 شاخیں پنجاب نیشنل بینک کی ہیں، جبکہ جموں میں 6 خصوصی کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں۔
جموں میں جے کے بینک اور پنجاب نیشنل بینک کی شاخوں کے باہر صبح 8 بجے سے ہی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں، جہاں عقیدت مند رجسٹریشن کے آغاز سے ایک گھنٹہ پہلے ہی پہنچ گئے تھے۔جموں کی رہائشی یامنی شرما نے بتایا کہ وہ اس سال یاترا کے پہلے دستے میں شامل ہونا چاہتی ہیں، اسی لئے وہ صبح سویرے رجسٹریشن کیلئے آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی دوسری یاترا ہوگی اور وہ اپنے خاندان کے ساتھ پہلگام راستے سے سفر کریں گی۔
پٹھان کوٹ (پنجاب) سے آئے ونود کمار نے بتایا کہ یہ ان کی 11ویں یاترا ہے اور وہ ہر سال پہلے دستے میں شامل ہوکر درشن کرتے ہیں۔ انہوں نے دیگر عقیدت مندوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں آئیں اور گھپا پر حاضری دے کر برکتیں حاصل کریں۔
بینک حکام کے مطابق جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث یاتریوں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے پیش نظر رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔آف لائن رجسٹریشن ملک بھر کی 556 بینک شاخوں میں کی جا سکتی ہے، جن میں پنجاب نیشنل بینک کی 310، جے کے بینک کی 90، یس بینک کی 37 اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی 99 شاخیں شامل ہیں۔
جموں میں امرناتھ یاترا کی رجسٹریشن کا آغاز، عقیدت مندوں کی بڑی تعداد رجسٹریشن مرکز پر آمد