زاہد بشیر
گول // سب ڈسٹرکٹ ہسپتال گول میں طبی نظام کی ابتر صورتحال نے عوام کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ انتظامیہ کی عدم توجہی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق ہسپتال میں ایکسرے فلم پرنٹنگ مشین کافی عرصے سے دستیاب نہیں ہے، جس کے باعث مریضوں کو باقاعدہ ایکسرے رپورٹس فراہم کرنے کے بجائے سکرین شاٹس کے ذریعے کام چلایا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کی عارضی سہولت نہ صرف غیر معیاری ہے بلکہ ڈاکٹرو ں کیلئے بھی پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ اسکرین شارٹس کے ذریعے ڈاکٹروں کاتشخیصی عمل میں بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔صورتحال اُس وقت مزید سنگین ہو گئی جب ہسپتال میں تعینات دو ایکسرے ٹیکنیشنوں کا تبادلہ کر دیا گیا، جس کے بعد پورا میڈیکل بلاک صرف ایک ہی ٹیکنیشن کے رحم و کرم پر چل رہا ہے۔ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ایک فرد کے لیے تمام ذمہ داریاں نبھانا ممکن نہیں، جس کے نتیجے میں علاج معالجہ کا عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں پہلے ہی سہولیات کی کمی تھی، لیکن حالیہ صورتحال نے مسائل کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ عوام نے الزام لگایا کہ منتخب نمائندے اور متعلقہ حکام اس سنگین مسئلے سے بے خبر ہیں یا پھر دانستہ طور پر نظر انداز کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاستدان صرف بیانات اور دوروں تک محدود ہیں، جبکہ عملی اقدامات کا فقدان واضح نظر آتا ہے۔واضح رہے کہ مقامی ایم ایل اے سجاد شاہین نے بھی کئی مرتبہ ہسپتال کا دورہ کیا تھا، تاہم عوام کا ماننا ہے کہ یہ دورہ بھی کسی خاطر خواہ تبدیلی کا باعث نہیں بن سکے۔
لوگوں نے کہا کہ محض دورے کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے، بلکہ مستقل بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔عوامی حلقوں نے حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایکسرے فلم پرنٹنگ مشین کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، خالی آسامیوں پر ٹیکنیشن تعینات کیے جائیں، اور ہسپتال میں بنیادی طبی سہولیات کو بہتر بنایا جائے تاکہ مریضوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔مقامی افراد نے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد از جلد صورتحال کو بہتر نہ بنایا گیا تو عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
سب ضلع ہسپتال گول کا طبی نظام مفلوج، ایکسرے فلم پرنٹنگ مشین عرصہ درازسے ناپید، اسکرین شاٹس کےسہارے کیا جا رہا ہے جگاڑ