عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے ہفتہ کے روز لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں 100 روزہ ’نشہ مکت‘ (منشیات سے پاک) مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی طور پر اپنی ذمہ داری ادا کریں۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے اس اعلان کی بھی حمایت کی جس میں کہا گیا تھا کہ منشیات کے اسمگلروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے جموں میں ’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے تحت 100 روزہ مہم کے آغاز کے موقع پر پدیاترا (پیدل مارچ) کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور عوامی نمائندوں، سینئر افسران اور ہزاروں شہریوں کے ساتھ واکاتھون میں شرکت کی۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پارٹی کے صدر نے لکھاکہ”یہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ آج شروع کی گئی 100 روزہ ’نشہ مکت‘ مہم کی کامیابی میں فعال کردار ادا کرے۔
ایسے وقت میں جب ہمارے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد پہلے ہی منشیات کی لعنت کا شکار ہو چکی ہے اور مزید کئی اس کے خطرے سے دوچار ہیں، یہ اقدام نہایت بروقت اور ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ”میں معزز لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے سخت سزاؤں کے اعلان، جن میں پاسپورٹ اور آدھار کارڈ کی منسوخی اور منشیات فروشوں کی جائیدادوں کی ضبطی شامل ہے، کی تعریف اور حمایت کرتا ہوں۔ ایسے سخت اقدامات منشیات کے نیٹ ورک کی کمر توڑنے اور ہمارے نوجوانوں کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری ہیں۔بخاری نے زور دیتے ہوئے کہاکہ آئیے ہم سب مل کر اس مہم کو کامیاب بنائیں۔