عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد کشمیر کے مختلف علاقوں میں جشن کا سماں دیکھنے کو ملا، جہاں لوگوں نے اسے اسلامی جمہوریہ ایران کی ’’فتح‘‘قرار دیا۔وادی کے بالخصوص شیعہ اکثریتی علاقوں میں سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور جنگ بندی کی خوشی میں تقاریب منعقد کیں۔ سری نگر کے سید کدل اور زڈی بل علاقوں کے علاوہ بڈگام، بارہمولہ، گاندربل، پلوامہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں بھی جشن منایا گیا۔لوگوں نے ایرانی پرچم لہراتے ہوئے جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کیا، پٹاخے جلائے اور اس موقع پر کشمیری قہوہ بھی تقسیم کیا۔
مقامی لوگوں نے اس جنگ بندی کو امریکہ اور اسرائیل کے خلاف ایران کی ’’کامیابی‘‘قرار دیا۔ بڈگام سے تعلق رکھنے والے شیعہ برادری کے ایک رکن نے کہایہ جنگ بندی ایران کی فتح ہے۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، آج ہم اسی کامیابی کا جشن منا رہے ہیں۔اس سے قبل بھی کشمیر میں ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر بڑے پیمانے پر چندہ مہمات چلائی گئیں، جن میں لوگوں نے ایران کی مدد کے لیے رقم اور دیگر قیمتی اشیاء عطیہ کیں۔کشمیر اور ایران کے درمیان گہرے ثقافتی، لسانی اور مذہبی روابط پائے جاتے ہیں، اور کشمیر کو اکثر ‘ایرانِ صغیر’ بھی کہا جاتا ہے۔
امریکہ-ایران جنگ بندی اعلان کے بعد کشمیر بھر میں جشن کا سماں