عظمیٰ ویب ڈیسک
بانڈی پورہ/شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ-گریز شاہراہ پر شدید برف باری کے باعث سڑک بند ہوگئی، جبکہ حکام نے رات بھر جاری رہنے والے آپریشن میں 38 پھنسے ہوئے گاڑیوں کو بحفاظت نکال لیا۔ایک عہدیدارنے بتایا کہ یہ ریسکیو آپریشن بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے انجام دیا، جب تازہ برف جمع ہونے کے سبب متعدد گاڑیاں رازدان پاس کے قریب پھنس گئی تھیں۔
حکام کے مطابق پھنسے ہوئے مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ سڑک کو بحال کرنے کے لیے برف ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔گزشتہ چند دنوں کے دوران وادی گریزمیں تازہ برفباری ہوئی ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے 85 کلومیٹر طویل اس سڑک پر احتیاطی طور پر آمدورفت محدود کر دی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران علاقے میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
تازہ برف باری کے باعث بانڈی پورہ گریز شاہراہ پر ٹریفک نقل و حمل بند