عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/بزنس نیٹ ورک انٹرنیشنل (BNI) جو کہ دنیا کی سب سے بڑی بزنس ریفرل تنظیم ہے، نےجموں و کشمیر میں اپنے چھٹے باب’’BNI اڑان‘‘کا باقاعدہ آغاز کرکے ایک اہم سنگِ میل حاصل کیا۔تقریب ریڈیسن بلو جموں میں منعقد ہوئی، جس میں 36 سے زائد بانی اراکین، 140 ممبران اور 50 مہمانوں نے شرکت کی۔ اس بڑی شرکت نے جموں شہر میں منظم کاروباری نیٹ ورکنگ کی بڑھتی ہوئی ضرورت اور دلچسپی کو ظاہر کیا۔بی این آئی کو عالمی سطح پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں پر مثبت اثرات کے لیے تسلیم کیا جاتا ہے۔ Forbes کے مطابق بی این آئی کو چھ اہم مقامی چھوٹے کاروباری اداروںکی فہرست میں ٹاپ 3 میں شامل کیا گیا ہے، جو اس کی ساکھ اور اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
بی این آئی جموں و کشمیر کے بانی و سربراہ سی اے راگھو گپتا نے کہا کہ بی این آئی اڑان جموں کے کاروباری نظام کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔ پہلی بار یہاں کے تاجروں کو ایک منظم عالمی ریفرل سسٹم تک رسائی مل رہی ہے، جس میں 76 ممالک کے ساڑھے تین لاکھ سے زائد ممبران شامل ہیں۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈمپی گپتا نے کہا کہ بی این آئی اڑان جموں کے کاروباری افراد کے لیے تعاون اور اعتماد کا نیا باب کھولے گا۔ یہ پلیٹ فارم ہر سائز کے کاروبار کو سیکھنے، جڑنے اور عالمی معیار کے مطابق ترقی کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
لانچ ڈائریکٹر کنسلٹنٹ جسکرن سنگھ مدان نے کہا کہ جموں میں کاروباری صلاحیت بے پناہ ہے، اور BNI اڑان اس صلاحیت کو عملی نتائج میں بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا، خاص طور پر کاروباری شناخت، اعتماد اور مضبوط تعلقات کے ذریعے۔واضح رہے کہ BNI کا قیام 1985 میں عمل میں آیا تھا اور اس وقت یہ دنیا بھر کے 76 ممالک میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد ممبران پر مشتمل ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران BNI کے ممبران نے باہمی اعتماد پر مبنی کاروباری روابط کے ذریعے 28 ارب امریکی ڈالر سے زائد کا کاروبار کیا۔
جموں میں بزنس نیٹ ورک انٹرنیشنل کا نیا باب ’’BNI اڑان‘‘قائم، کاروباری روابط کو فروغ دینے کی کوشش