عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر بھر میں نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کے ملازمین نے 48 گھنٹے کی ہڑتال ختم کر دی ہے، یہ فیصلہ وزیر صحت سکینہ مسعود ایتو کے ساتھ ایک تعمیری ملاقات کے بعد کیا گیا، جنہوں نے ملازمین کے طویل عرصے سے زیر التوا مطالبات، جن میں ملازمت کا تحفظ، تنخواہوں میں نظرثانی اور سماجی فوائد شامل ہیں، کا تفصیلی جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی۔جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر میں این ایچ ایم ملازمین کی جانب سے کی گئی 48 گھنٹے کی ہڑتال دوسرے دن اس وقت ختم کر دی گئی جب سول سیکریٹریٹ جموں میں وزیر صحت سکینہ ایتو کے ساتھ ایک تعمیری ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہڑتال آل جموں کشمیر نیشنل ہیلتھ مشن ایمپلائز ایسوسی ایشن (جے کے این ایچ ایم ای اے) کی یو ٹی سطحی رابطہ کمیٹی کی کال پر کی گئی تھی، جس کا مقصد این ایچ ایم ملازمین کے دیرینہ مطالبات کے حق میں آواز بلند کرنا تھا۔ترجمان کے مطابق ہڑتال کے پہلے دن جموں و کشمیر بھر میں مکمل کام بند رہا، جس کے دوران ملازمین نے اپنے جائز مطالبات کو اجاگر کیا، جن میں جامع روزگارپالیسی کی تشکیل، فوری تنخواہ نظرثانی، سوشل سکیورٹی اور ریٹائرمنٹ فوائد، تمام کیڈرز کے لیے ای پی ایف سہولیات کی توسیع، ’’برابر کام کے لیے برابر تنخواہ‘‘کا نفاذ، وفاداری فوائد اور دیگر مسائل شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے دن وزیر صحت سکینہ ایتو اور مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم جموں و کشمیر آکرتی ساگر (آئی اے ایس) نے این ایچ ایم ملازمین کی یو ٹی سطحی رابطہ کمیٹی کو ملاقات کے لیے مدعو کیا، جس کی قیادت صوبائی صدر جموں ڈاکٹر وکاس شرما، صوبائی صدر کشمیر منیر احمد اندرابی اور یو ٹی صدر این ٹی ای پی (آر این ٹی سی پی) مصدق رفیق کر رہے تھے، جبکہ دیگر سینئر نمائندے بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ایسوسی ایشن نے وزیر صحت کو ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔ وزیر صحت نے انتہائی غور کیساتھ مسائل سنے اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں این ایچ ایم ملازمین کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ ایم صحت کے شعبے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور ملازمین کے مسائل کو جائز قرار دیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی ایک تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ تمام مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ملاقات کے بعد ملنے والی یقین دہانیوں کے پیش نظر ایسوسی ایشن نے عوامی مفاد میں ہڑتال ختم کرنے اور اپنی خدمات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر صحت کیساتھ ملاقات کے بعد این ایچ ایم ملازمین کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان