عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات کے خلاف اپنی مسلسل کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے، اننت ناگ پولیس نے کوکرناگ علاقے میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا اور اُن کے قبضے سے ممنوعہ مواد برآمد کیا۔پولیس کے مطابق، پولیس اسٹیشن کوکرناگ کی ایک ٹیم نے ایس او جی کوکرناگ کے ہمراہ ہانگل گنڈ، کوکرناگ میں قائم ایک ناکہ پر چیکنگ کے دوران دو مشتبہ افراد کو مشکوک حالت میں گھومتے ہوئے دیکھا، جنہیں بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔ تلاشی کے دوران اُن کے قبضے سے براؤن شوگر جیسا ممنوعہ مواد برآمد ہوا، جس کا وزن تقریباً 5.50 گرام اور 6.40 گرام تھا۔
گرفتار شدگان کی شناخت عابد احمد نائیکو ولد عبدالغنی اور سہیل احمد ڈار ولد محمد اشرف کے طور پر ہوئی ہے، جو دونوں ناگام، کوکرناگ کے رہائشی ہیں۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کوکرناگ میں ایف آئی آر نمبر 18/2026 متعلقہ دفعات کے تحت درج کر لی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس نے کہا ہے کہ وہ منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ یا استعمال سے متعلق کسی بھی معلومات کو پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔
اننت ناگ میں دو منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد برآمد