عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کے علاقے نگروٹہ میں دریائے توی میں پیش آئے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز دریا میں ڈوبنے والے تین لڑکوں میں سے دو کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ تیسرے لڑکے کی تلاش تاحال جاری ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سینئر حکام سے بات چیت کرتے ہوئے ریسکیو اور سرچ آپریشن کا جائزہ لیا۔ لوک بھون کے ترجمان کے مطابق انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
منوج سنہا نے اپنے بیان میں کہا، نوجوان جانوں کا ضیاع انتہائی دلخراش ہے۔ میری دلی تعزیت اور ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ہم اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔واضح رہے کہ تینوں لڑکے بویش کول (15)، سونم دت (16) اور آدتیہ پنڈت (15) اتوار کی شام جموں کے مضافاتی علاقے نگروٹہ میں سینک اسکول کے قریب تیز بہاؤ کی زد میں آ کر بہہ گئے تھے۔پولیس اور دیگر ایجنسیوں کی ٹیموں نے اب تک بویش کول اور آدتیہ پنڈت کی لاشیں برآمد کر لی ہیں جبکہ تیسرے لڑکے کی تلاش جاری ہے۔
جموں توی حادثہ : ایل جی منوج سنہا کا اظہارِ افسوس