عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے پیر کے روز پلوامہ میں شیخُ العالم یونیورسٹی کے قیام سے متعلق بل کو مسترد کر دیا۔ یہ پرائیویٹ ممبر بل پی ڈی پی کے رکن اسمبلی وحید پرہ کی جانب سے پیش کیا گیا تھا، جس میں ضلع پلوامہ میں خطے کی پہلی نجی یونیورسٹی قائم کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
بل میں ایک رہائشی اور ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کی بات کی گئی تھی، جہاں مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ تعلیم فراہم کی جاتی، جبکہ اس کے لیے فنڈنگ کشمیر ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے اضافی وسائل سے کرنے کی تجویز تھی۔ اس بل کو 2025 کے پرائیویٹ ممبر بل نمبر 9 کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔
تاہم وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے پالیسی اور طریقہ کار سے متعلق خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اس تجویز کی مخالفت کی۔ کارروائی کے دوران وحید پرہ نے بارہا ایوان سے اپیل کی کہ بل کو غور کے لیے پیش کیا جائے اور جنوبی کشمیر میں اعلیٰ تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔حکمران جماعت نیشنل کانفرنس کے اراکین نے بھی اس بل کی مخالفت کی، جس کے بعد ووٹنگ میں بل کو مسترد کر دیا گیا۔
پلوامہ میں شیخُ العالم یونیورسٹی کے قیام کا بل اسمبلی میں مسترد