شمالی کمان سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے فوجی اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پراتک شرما نے ہفتہ کے روز منعقدہ نارتھرن کمانڈ انویسٹیچر تقریب 2026میں فوجی اہلکاروں کو 93 اعزازات سے نوازا، جن میں 52 انفرادی ایوارڈز اور 41یونٹ سٹیشن شامل ہیں۔یہ اعزازات جموں و کشمیر، لداخ اور دیگر حساس علاقوں میں انسدادِملی ٹینسی کارروائیوں، سرحدی نگرانی اور بلند پہاڑی علاقوں میں انجام دی گئی غیر معمولی خدمات اور بہادری کے اعتراف میں دیے گئے۔ دفاعی ترجمان کے مطابق انفرادی اعزازات میں 4یْدھ سیوا میڈلز، ایک بار ٹو سینا میڈل، 37سینا میڈلز، ایک بار ٹو وششٹ سیوا میڈل، 8وششٹ سیوا میڈلز اور ایک جیون رکشا پدک (بعد از مرگ) شامل ہیں۔ تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران، ایوارڈ حاصل کرنے والے اہلکار اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل شرما نے فوجی جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، فرض شناسی اور مشکل حالات میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے فوجی روایات کو برقرار رکھنے اور آپریشنل معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں میجر جنرل راکیش نائر کو نمایاں خدمات پر یْدھ سیوا میڈل دیا گیا۔ متعدد افسران اور جوانوں کو ملی ٹینسی کے خلاف کارروائیوں میں بہادری کے مظاہرے پر سینا میڈل (گیلنٹری) سے نوازا گیا۔سپاہی ( نائک) ندیم اقبال شاہ کو ایک جھڑپ کے دوران ملی ٹینٹ کو ہلاک کرنے پر اعزاز دیا گیا، جبکہ لیفٹیننٹ کرنل نکھل کمار کو گھنے جنگلات میں کامیاب آپریشن کی قیادت پر سراہا گیا۔میجر (اب لیفٹیننٹ کرنل) سمیت گروال کو سنڈربنی سیکٹر میں ڈرون کی مدد سے کامیاب کارروائی پر، جبکہ میجر آشوتوش کمار یادو کوملی ٹینٹ ٹھکانے تباہ کرنے پر اعزاز دیا گیا۔ میجر ہتیش سنگھ ورما نے پونچھ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تین ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا۔اسی طرح دیگر افسران کو بھی مختلف سرحدی، انٹیلی جنس اور ریسکیو آپریشنز میں نمایاں کارکردگی پر اعزازات سے نوازا گیا۔فوجی حکام کے مطابق شمالی کمان فوج کی سب سے زیادہ سرگرم فارمیشن ہے، جو سیاچن گلیشیئر کی برفانی بلندیوں سے لے کر لائن آف کنٹرول اور گھنے جنگلات تک مختلف محاذوں پر مسلسل چوکسی اور جرات کا مظاہرہ کر رہی ہے۔