عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ مرکزی حکومت نے اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے اور ابھرتے عالمی چیلنجز کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے قومی اتحاد کی اپیل کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹیریٹری میں ایندھن اور ایل پی جی سمیت تمام ضروری اشیاء کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پرسکون رہیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہاوزیر اعظم نے کل (جمعہ) ایک اہم اجلاس طلب کیا تھا جس میں ملک بھر کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، سوائے اُن پانچ ریاستوں کے جہاں انتخابات جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران کابینہ سکریٹری نے موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں عالمی حالات، خصوصاً آبنائے ہرمز اور مغربی ایشیا میں کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر روشنی ڈالی گئی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ کو بتایا گیا کہ اشیائے ضروریہ، خاص طور پر ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ حکومتِ ہند نے یقین دلایا ہے کہ کسی بھی ضروری شے کی کوئی قلت نہیں ہے۔
عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں افواہوں کے باعث جموں و کشمیر میں پٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں اور ایل پی جی سلنڈروں کی ذخیرہ اندوزی دیکھنے میں آئی ۔انہوں نے کہا،لوگ افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ ہماری حکومت روزانہ کی بنیاد پر سپلائی کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت ایل پی جی سلنڈرز، ڈیزل، پٹرول یا مٹی کے تیل کی کوئی کمی نہیں ہے اور مرکزی حکومت نے مسلسل فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ مغربی ایشیا میں کشیدگی کے بعد ابتدا میں کمرشل ایل پی جی سلنڈروں پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں اور تقسیم کو 20 فیصد تک محدود کیا گیا تھا، جسے اب بڑھا کر 70 فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ گھریلو سلنڈروں کے استعمال پر کوئی پابندی نہیں ہے۔وزیر اعظم کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک نے کورونا وبا کے دوران ’’ٹیم انڈیا‘‘کے طور پر اتحاد کا مظاہرہ کیا، اسی طرح موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی متحد رہے گا۔
جموں و کشمیر میں اشیائے ضروریہ کاوافر ذخیزہ موجود، لوگ افواہوں پر کان نہ دھریں: عمر عبداللہ