عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/کٹھوعہ کی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہیتا شرما نے بدھ کے روز ضلع کے سرحدی علاقوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور پولیس کو ہدایت دی کہ نرسرحدی علاقوں میں مشکوک نقل و حرکت کی نگرانی کیلئے باقاعدگی سے تلاشی مہم چلائی جائے۔آپریشنز افسران کے ہمراہ، ایس ایس پی نے بین الاقوامی سرحد کے ساتھ قائم مختلف بارڈر پولیس چوکیوں، نرسریوں اور ملحقہ علاقوں کا معائنہ کیا۔ اس دورے کا مقصد زمینی سطح پر تیاریوں کا جائزہ لینا اور مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان تال میل کو پرکھنا تھا۔
افسران نے حساس ہریہ چک نرسری علاقے میں گشت بھی کیا، جہاں ایس ایس پی نے مشکوک عناصر کی موجودگی کا سراغ لگانے کیلئے باقاعدہ سرچ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت دی۔ہریہ چک بارڈر پولیس پوسٹ کے معائنے کے دوران، موہیتا شرما نے نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا اور تمام بارڈر پولیس چوکیوں اور ناکہ پوائنٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت دی تاکہ حقیقی وقت میں نگرانی کو بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے مقامی رہائشیوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ بروقت معلومات کا تبادلہ ممکن ہو سکے۔ٹیم نے بعد ازاں مہاراج پور بارڈر پولیس پوسٹ کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق کام کو تیز کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ سکیورٹی تقاضوں اور بنیادی ڈھانچے کے معیار کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔کٹھوعہ پولیس نے سرحدی ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فعال پولیسنگ، بہتر نگرانی اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان مضبوط تال میل کے عزم کا اعادہ کیا۔