عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں میں ہفتہ کے روز پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عیدالفطر منائی گئی اور بڑی تعداد میں لوگ مساجد میں نماز ادا کرنے کے لیے شریک ہوئے۔شہر بھر میں مختلف مقامات پر لوگوں نے اجتماعی نماز پڑھی۔ سب سے بڑا اجتماع ریزیڈنسی روڈ پر عیدگاہ میں ہوا جہاں شہر اور اطراف کے علاقوں سے آئے ہزاروں نمازیوں نے صبح عید کی نماز ادا کی۔ لوگوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور مساجد کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا۔اس موقع پر پولیس اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے مسلم بھائیوں کو عید کی مبارکباد دی اور علاقے میں امن و سکون کے لیے دعا کی۔ شہری اور پولیس انتظامیہ نے سخت حفاظتی انتظامات اور دیگر ضروری اقدامات کیے۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ “عیدالفطر کے مبارک موقع پر میں سب کو دل سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کا تہوار، جو رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کی علامت ہے، نہایت روحانی اور سماجی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ مقدس دن قربانی کے جذبے اور خوشی بانٹنے کی علامت ہے۔ اس دن ہمیں انسانیت کی خدمت کا عہد تازہ کرنا چاہیے، غریبوں اور ضرورت مندوں کی زندگی بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہاکہ”عید سب کے لیے امن، خوشحالی اور خوشیاں لے کر آئے۔”
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی ریاست کے عوام کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے لوگوں کو عیدالفطر اور نوروز کے مبارک مواقع پر دل سے مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوران ایک ماہ کے روزے، نماز اور خود انضباط کے بعد عید کا روحانی پہلو ایک مقدس تہوار کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ دوسروں کو دینے، اللہ کا شکر ادا کرنے اور اس مقدس مہینے میں پیدا ہونے والی رحمت، سخاوت اور اتحاد کے اقدار کا جشن منانے کا موقع ہے۔انہوں نے کہاکہ”عید خوشی کا موقع ہے جو لوگوں کو رمضان کی نعمتوں کا جشن منانے کے لیے ایک ساتھ لاتا ہے۔ یہ کمیونٹی کے رشتوں کو مضبوط کرتا ہے اور باہمی احترام و بھائی چارے کے اقدار کو یقینی بناتا ہے۔ یہ خوشیاں بانٹنے، رحم دکھانے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا وقت ہے۔
جموں میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی عیدالفطر،لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے پیش کی مبارکباد