عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ جنوبی ضلع اننت ناگ کے پہلگام علاقے میں پیر کی شام دیر گئے آگ لگنے سے ایک ہوٹل اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا، جبکہ آگ بجھانے کے دوران فائر بریگیڈ کی الٹی سمت میں چلتی گاڑی کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ شام دیر گئے آسل ریزورٹ میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے دوران ایل پی جی سلنڈروں کے کئی دھماکے ہوئے جس سے بچاؤکارروائی میں رکاوٹ پیش آئی۔ کڑی محنت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ اس واقعے میں ہوٹل کی تین عمارتوں اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچاہے، آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران ایک شخص فائر ٹینڈر کی زد میں آ کر جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت منجیت سنگھ ولد وکیل سنگھ ساکن ہٹمارہ مٹن کے طور پر ہوئی ہے، جو قریبی ویل لاج میں بطور گیٹ کیپر کام کر رہا تھا۔
پہلگام میں آتشزدگی: ہوٹل کو شدید نقصان، فائر بریگیڈ گاڑی کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق