عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے بلند و بالا پہاڑی درے سنتھن ٹاپ پر اچانک اور شدید برفباری کے باعث 31 گاڑیاں سڑک پر پھنس گئیں، تاہم مشترکہ ریسکیو آپریشن کے دوران 220 سے زائد مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
حکام کے مطابق تازہ برفباری کے باعث سنتھن ٹاپ کا راستہ بند ہو گیا تھا جس کے بعد پھنسے ہوئے مسافروں کی جانب سے فوری طور پر مدد کی اپیل (SOS) بھیجی گئی۔
ایک سرکاری عہدیدار نےبتایا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (NHIDCL) اور جموں و کشمیر پولیس نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں نے خراب موسمی حالات کے باوجود کئی گھنٹوں تک مسلسل کام کرتے ہوئے تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران تمام 220 مسافروں کو ان کی گاڑیوں سمیت محفوظ مقام تک منتقل کیا گیا اور رات تقریباً 11:30 بجے انہیں کوکرناگ قصبے تک بحفاظت پہنچا دیا گیا۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ متعلقہ اداروں اور پولیس کے درمیان بروقت رابطہ کاری کے باعث تمام مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کرنا ممکن ہو سکا۔
انہوں نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ بلند پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے سے پہلے موسم اور سڑکوں کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
سنتھن ٹاپ پر برفباری کے باعث 31 گاڑیاں پھنس گئیں، 220 سے زائد مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا