غلام نبی رینہ
کنگن/سرینگرلیہہ قومی شاہراہ چوتھے روز بھی ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند رہی، جس کے باعث دراس اور سونمرگ کے علاقوں میں سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق خراب موسمی حالات کے باعث شاہراہ پر بھاری برفباری ہوئی ہے، تاہم موسم میں بہتری آنے کے بعد پروجیکٹ وجیک اور بارڈر روڈ آرگنائزیشن (BRO)نے شاہراہ کے دونوں اطراف سے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے تاکہ سڑک کو جلد از جلد ٹریفک کے لیے بحال کیا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ گمری کے علاقے میں تقریباً ڈیڑھ فٹ تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد برف صاف کرنے کے لیے بھاری مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق باڈر روڈ آرگنائزیشن نے ’’پانی متھہ سے زوجیلا‘‘تک شاہراہ کے ایک حصے سے برف صاف کر دی ہے اور مزید علاقوں میں کام تیزی سے جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سال مارچ کے مہینے میں بھی سرینگرلیہہ شاہراہ عام طور پر ٹریفک کے لیے کھلی رہی، تاہم گزشتہ تین روز کے دوران میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث شاہراہ کو بند کرنا پڑا۔حکام کا کہنا ہے کہ موسم سازگار رہنے کی صورت میں جلد ہی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سرینگرلیہہ شاہراہ چوتھے روز بھی بند، دراس اور سونمرگ میں سینکڑوں گاڑیاں درماندہ