عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر ہوئے قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پولیس مکمل تحقیقات کرکے حقیقت سامنے لائے گی۔
واضح رہے کہ جموں کے گریٹر کیلاش علاقے میں بدھ کی شام ایک شادی کی تقریب کے دوران ایک شخص نے نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر پستول سے فائرنگ کی جس میں وہ بال بال بچ گئے۔
محبوبہ مفتی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب پر ہوئے سنگین حملے کی خبر سن کر شدید صدمہ ہوا، یہ جان کر اطمینان ہوا کہ وہ محفوظ اور خیریت سے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘امید ہے کہ پولیس اس تشویشناک سکیورٹی کوتاہی کی مکمل تحقیقات کرکے حقیقت سامنے لائے گی’۔
جموں وکشمیر پولیس نے بدھ کی شام دیر گئے اپنے ایک بیان میں کہا: ‘جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جان پر اس وقت حملے کی کوشش کی گئی جب وہ رائل پارک گریٹر کیلاش جموں میں ایک شادی کی تقریب میں شریک تھے’۔
انہوں نے کہا کہ پروٹیکٹی (محفوظ شخصیت) کے ساتھ تعینات جموں وکشمیر پولیس اور نیشنل سکیورٹی گارڈ (این ایس جی) کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنا دیا اور بعد ازاں ملزم کو حراست میں لیا گیا جس کی شناخت کمل سنگھ ولد اجیت سنگھ ساکن پرانی منڈی جموں کے طور پر ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ واقعے میں استعمال ہونے والا آتشیں اسلحہ بھی ملزم کے قبضے سے بر آمد کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر حملہ: امید ہے کہ پولیس مکمل تحقیقات کرکے حقیقت سامنے لائے گی: محبوبہ مفتی