فیاض بخاری
بارہمولہ// اوڑی-بارہمولہ قومی شاہراہ پر این ایس پل کے نزدیک پسیاں گر آنے کے باعث بدھ کے روز ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق اچانک پہاڑی سے مٹی اور پتھر سڑک پر آگرے جس کے نتیجے میں شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کچھ وقت کے لیے معطل ہو گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق پسیاں گرنے کے بعد سڑک کے دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس سے مسافروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ محکموں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور سڑک سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کی کارروائی جاری ہے اور جلد ہی ٹریفک کو بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس دوران مسافروں کو احتیاط برتنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔