عظمیٰ ویب ڈیسک
بانڈی پورہ/ سابق وزیر اور نعیم اختر نے ہفتہ کے روز بانڈی پورہ کے علاقے نائد کھئی کے منزبورہ سے تعلق رکھنے والے بصارت سے محروم نوجوان عرفان احمد لون کو یوپی ایس سی 2025 کامیابی کے ساتھ پاس کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
جاری ایک بیان میں نعیم اختر نے کہا کہ عرفان احمد لون کی یہ شاندار کامیابی پورے بانڈی پورہ ضلع کے لیے فخر اور اعزاز کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا، “مجھے اس بات پر فخر محسوس ہوتا ہے کہ میرا تعلق بھی بانڈی پورہ ضلع سے ہے، اور جب ہمارے ضلع کا کوئی نوجوان قومی سطح کے اس قدر باوقار امتحان میں کامیابی حاصل کرتا ہے تو یہ انتہائی خوشی کا لمحہ ہوتا ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ عرفان نے اپنی گریجویشن یونیورسٹی آف دہلی سے مکمل کی جبکہ بعد ازاں ماسٹرز کی ڈگری جےاین یو سے حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ بصارت سے محرومی کے باوجود عرفان نے مسلسل تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
نعیم اختر کے مطابق عرفان کی کامیابی عزم، محنت اور حوصلے کی ایک روشن مثال ہے، جو خطے کے نوجوانوں کے لیے بالخصوص معذور افراد کے لیے بڑی تحریک ثابت ہوگی جو زندگی میں بڑے مقاصد حاصل کرنے کا خواب رکھتے ہیں۔
بصارت سے محروم عرفان لون کی یو پی ایس سی میں کامیابی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ: نعیم اختر