عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر کے لوک بھون میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ یہ میٹنگ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے پس منظر میں طلب کی گئی تھی۔
لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق، اجلاس میں شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، ڈی جی پی جموں و کشمیر نالین پربھات، 15 کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل پرشانت سریواستو اور میجر جنرل بلبیر سنگھ (ایم جی جی ایس، شمالی کمان) سمیت اعلیٰ فوجی و پولیس افسران نے شرکت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ اجلاس کے دوران موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔
ایل جی منوج سنہا کی سرینگر میں اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ میٹنگ، موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور