عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ای او ڈبلیو نے جمعرات کو بتایا کہ کووڈ-19 وبا کے دوران جموں و کشمیر میں طبی سامان کی خریداری میں مبینہ بڑے پیمانے کی دھوکہ دہی کے الزام میں سرینگر کے دو رہائشیوں کے خلاف باضابطہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق ملزمان، جو پیرباغ اور صنعت نگر کے رہائشی ہیں، نے خود کو او ایس ڈی سپلائز کے نمائندے ظاہر کر کے سرکاری محکموں اور اداروں کو دھوکہ دیا۔ یہ کارروائی ایک تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے جعلسازی کے ذریعے مختلف محکموں اور اداروں کو طبی سامان کی فراہمی کے نام پر ادائیگیاں ایسے بینک کھاتوں میں منتقل کرنے پر آمادہ کیا جو اصلی سپلائرز کے نام پر دھوکہ دہی سے کھولے گئے تھے۔ مزید یہ کہ اصل سپلائر کی شناخت کو مسخ کرنے کے لیے جعلی ای میل آئی ڈیز بھی بنائی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے ایک سرکاری دفتر سے 27 لاکھ روپے ہتھیا لیے جبکہ ایک سرکاری طبی ادارے سے 2.24 کروڑ روپے فراڈ کے ذریعے نکالنے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی تھی، جسے بروقت ناکام بنا دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بادی النظر میں تعزیراتِ ہند کی دفعات 420، 467، 468، 471، 120-بی اور آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66-ڈی کے تحت جرائم ثابت ہوتے ہیں۔ مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کووڈ میڈیکل سپلائی گھوٹالہ: دھوکہ دہی کے الزام میں دو افراد کے خلاف مقدمہ درج:ای او ڈبلیو