عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/فوج کی وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور اندرونی علاقوں میں جاری انسدادملی ٹینسی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔اس دوران انہوں نے جوانوں کی بر وقت، درست اور انٹلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائیوں کو سراہا جن کے نتیجے میں پاکستان کی سرپرستی میں سرگرم جیش محمد سے وابستہ اعلیٰ کمانڈر سمیت تین ملی ٹینٹ ہلاک کئے گئے۔اس دوران کاؤنٹر انسرجنسی فورس (ڈیلٹا) کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل اے پی ایس بال بھی ان کے ہمراہ تھے۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے اپنے ’ایکس‘ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہاوائٹ نائٹ کور کے جی او سی نے سی آئی ایف (ڈی) کے جی او سی کے ہمراہ ضلع کشتواڑ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور اندرونی علاقوں میں جاری انسداد ملی ٹینسی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔پوسٹ میں کہا گیااندرونی علاقوں میں مسلسل سرگرم وائٹ نائٹ کور کے جوان عزم و استقلال کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ اپنی کارروائیوں میں درستگی، تعاقب میں مستقل مزاجی اور قوم کے تحفظ کے عہد پر غیر متزلزل قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ جوان ہر حال میں ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔
وائٹ نائٹ کور کے جی او سی کا دورہ کشتواڑ، انسداد ملی ٹینسی کارروائیوں کا لیا جائزہ