مساجد کو سماجی و اصلاحی مراکز بنانے پر زور
محمد تسکین
بانہال /رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام قصبہ بانہال میں جامع مسجد اہلحدیث کا باوقار اور شاندار افتتاح عمل میں لایا گیا۔ اس روح پرور اور تاریخی تقریب میں علاقے بھر سے ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی، جس کے باعث مسجد کا مرکزی ہال، بیرونی صحن اور ملحقہ خالی جگہ بھی نمازیوں سے مکمل طور پر بھر گئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اور جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے جمعہ کا خطبہ دیا اور مسجد کا باضابطہ افتتاح انجام دیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مساجد اور مدارس کی دینی و سماجی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مساجد محض عبادت گاہیں نہیں بلکہ ایمان کی تجدید، نئی نسل کی اخلاقی و دینی تربیت اور معاشرتی اصلاح کے مؤثر مراکز ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ مساجد کو فعال بنانے کے ساتھ ساتھ اپنے دینی و سماجی فرائض کی ادائیگی میں سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
ڈاکٹر الکندی نے جامع مسجد بانہال کی تکمیل میں تعاون کرنے والے مخیر حضرات، مقامی عوام، حلقہ و ضلعی جمعیت کے ذمہ داران اور کارکنان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مشترکہ کاوشوں سے یہ عظیم دینی مرکز پایۂ تکمیل تک پہنچا۔ انہوں نے علماء کرام اور اُن مخلص افراد کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے شب و روز محنت کرکے اس منصوبے کو عملی شکل دی۔اس موقع پر الحاج عبدالرشید کریمی، ناظمِ اعلیٰ مشتاق احمد وانی، ناظم تعمیرات انجینئر نسار احمد سمیت مقامی و ضلعی علماء کرام اور جمعیت کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
شرکاء نے اس اجتماع کو بانہال کی حالیہ تاریخ کا ایک یادگار اور غیر معمولی دینی اجتماع قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مسجد علاقے میں علم و عمل، رشد و ہدایت اور اتحادِ امت کا فعال اور مثالی مرکز ثابت ہوگی۔تقریب کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود اور ملک میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔