عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/حکومت نے جمعہ کے روز قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ جموں و کشمیر میں نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کے تحت تعینات ملازمین کنٹریکٹ بنیادوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہیں منظور شدہ سرکاری ضوابط کے مطابق یکمشت اعزازیہ ادا کیا جا رہا ہے۔
ایم ایل اے سریندر کمار کے سوال کے جواب میں محکمہ صحت و طبی تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نےبتایا کہ این ایچ ایم عملے کو یکمشت اعزازیہ دیا جاتا ہے جو تقرری کے سال کے لحاظ سے مختلف ہوتا ہے، اور ضوابط کے مطابق اس میں سالانہ 5 فیصد اضافہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقل سرکاری ملازمین کے برعکس، این ایچ ایم عملہ کنٹریکٹ بنیادوں پر تعینات ہے اور ان کا اعزازیہ وزارت صحت و خاندانی بہبود، حکومت ہند اور یو ٹی حکومت کے درمیان 90:10 کے تناسب سے فراہم کیا جاتا ہے۔وزیر موصوفہ نے بتایا کہ این ایچ ایم ملازمین کو کنٹری بیوٹری ویلفیئر فنڈ کے تحت کور کیا گیا ہے، جو موت، معذوری اور طبی ہنگامی حالات میں مقررہ رہنما اصولوں کے مطابق مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فنڈ کے تحت وفات کی صورت میں 10 لاکھ روپے، مستقل معذوری پر 5 لاکھ روپے اور عارضی معذوری کی صورت میں میڈیکل بورڈ کی جانچ کے بعد 2 لاکھ روپے فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری یا منظور شدہ ہسپتالوں میں داخلے کے دوران ہونے والے ذاتی اخراجات کے لیے، جہاں علاج پی ایم جے اے وائی صحت کے تحت کور نہ ہو، 3 لاکھ روپے تک کی طبی امداد بھی دستیاب ہے۔سکینہ ایتو نے مزید کہا کہ این ایچ ایم ملازمین کی سروس شرائط حکومت ہند کی جانب سے جاری کردہ نیشنل ہیلتھ مشن اسکیم کے تحت ہوں گی، جو حکومت ہند کی جانب سے کسی بھی ترمیم تک نافذ العمل رہیں گی۔