عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر حکومت نے منگل کے روز ایوان کو مطلع کیا کہ ضلع کپواڑہ کے کرناہ علاقے میں مجوزہ سادھنا ٹنل کے لیے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) اس وقت تیاری کے مرحلے میں ہے۔
ایم ایل اے عرفان حفیظ لون کے سوال کے جواب میں، جس میں سادھنا ٹنل اور جنوبی کشمیر کو کشتواڑ سے جوڑنے والی مجوزہ ٹنل کی موجودہ صورتحال کے بارے میں استفسار کیا گیا تھا، حکومت نے بتایا کہ سادھنا ٹنل کی الائنمنٹ وزارتِ سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہوں (MoRTH) کے ساتھ مشاورت سے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
جواب میں کہا گیا کہ کشتواڑ ضلع میں سنگھ پورہ ،ویلو ٹنل منصوبہ، جس کا مقصد جنوبی کشمیر اور کشتواڑ کے درمیان ہمہ موسمی رابطہ فراہم کرنا ہے، ابتدا میں بھارت مالا پریوجنا اسکیم کے تحت منظور کیا گیا تھا۔تاہم، بھارت مالا پریوجنا کے اس وقت زیرِ عمل نہ ہونے کے باعث، اس منصوبے کو نیشنل ہائی ویز (اورجینل) [NH(O)] اسکیم کے تحت ازسرِنو منظوری کے لیے زیرِ غور لایا گیا ہے۔حکومت نے مزید کہا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (NHIDCL) بطور عمل درآمدی ایجنسی کرے گی۔
سادھنا ٹنل کے لیے ڈی پی آر تیاری کے مرحلے میں، کشتواڑ ٹنل منصوبہ ازسرِنو منظوری کا منتظر:حکومت