عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے جمعہ کے روز قانون ساز اسمبلی کو آگاہ کیا کہ کشمیر صوبہ میں 3,982 کنال اور 1.5 مرلہ کسٹوڈین (مہاجرین) اراضی اس وقت غیر قانونی قبضے یا عدالتی مقدمات کی زد میں ہے۔ایم ایل اے عبدالمجید بٹ کے سوال کے تحریری جواب میں محکمہ مال نےبتایا کہ جموں اور کشمیر دونوں ڈویژنز میں کل نوٹیفائیڈ ایویکیوی (کسٹوڈین) اراضی 1,44,932 کنال اور 6 مرلہ ہے۔
جواب میں کہا گیا کہ کشمیر ڈویژن میں کل نوٹیفائیڈ ایویکیوی اراضی 55,960 کنال اور 15.25 مرلہ ہے، جن میں سے 3,982 کنال، 1.5 مرلہ اور 97 مربع فٹ اراضی غیر قانونی قبضے یا عدالتی کارروائیوں کے تحت ہے۔
حکومت نے بے دخلی سے متعلق اقدامات پر بتایا کہ ایویکیوی پراپرٹی ڈپارٹمنٹ نے جموں و کشمیر ایویکیوی (انتظام املاک) ایکٹ 2006 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد کے مطابق ایسی اراضی کی بازیابی کے لیے کارروائی شروع کر رکھی ہے۔
جواب میں مزید کہا گیا کہ کشمیر ڈویژن میں گزشتہ چند برسوں کے دوران 2,441 کنال، 1.5 مرلہ اور 97 مربع فٹ ایویکیوی اراضی غیر قانونی قابضین کی بے دخلی اور غیر قانونی لیز/الاٹمنٹ کی منسوخی کے ذریعے واگزار کرائی گئی ہے۔حکومت نے یہ بھی واضح کیا کہ کچھ ایویکیوی اراضی عدالتی مقدمات میں زیرِ سماعت ہے اور اس کی بازیابی کے لیے آئندہ کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔ —(کے این او)
کشمیر میں 3,982 کنال کسٹوڈین اراضی غیر قانونی قبضے یا عدالتی مقدمات کی زد میں: حکومت