عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر میں قائد حزبِ اختلاف اور سینئر بی جے پی رہنما سنیل شرما نے جمعہ کے روز جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے بجٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’’عوام دشمن‘‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بجٹ میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں، بے روزگار نوجوانوں، بی پی ایل اور ای ڈبلیو ایس خاندانوں کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنیل شرما نےدعویٰ کیا کہ یہ بجٹ نیشنل کانفرنس کے اراکینِ اسمبلی کو فائدہ پہنچانے کے لیے تیار کیا گیا ہے اور مرکز کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کو این سی کے زیرِ قبضہ حلقوں کی طرف موڑا گیا ہے۔انہوں نے کہا، ’’یہ بجٹ این سی ایم ایل ایز کے لیے ہے۔ جموں و کشمیر کے عام لوگوں کے لیے اس میں کچھ بھی نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین سے دھوکہ کیے جانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کی مستقلی کے لیے کوئی واضح اور مناسب پالیسی کا اعلان نہیں کیا گیا۔شرما نے کہا، ’’ڈیڑھ سال سے یومیہ اجرت والوں کو جھوٹی تسلیاں دی جا رہی ہیں۔ سنیل شرما نے کہا کہ بجٹ میں بے روزگاری کے مسئلے کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے اور سرکاری نوکریوں کو 180 دن کے اندر پُر کرنے کے وعدے کی بھی کوئی جھلک نہیں ملتی۔ انہوں نے تقریباً 24 ہزار نوکریوں کو آؤٹ سورس کرنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے میرٹ اور شفاف بھرتی کا عمل متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا، ’’نہ کوئی تحریری امتحان، نہ انٹرویو اور نہ ہی درخواست کا عمل۔ پھر قابل نوجوانوں کے لیے منصفانہ مقابلہ کہاں ہے؟‘‘
انہوں نے حالیہ بھرتیوں میں اقربا پروری کے الزامات بھی لگائے اور کہا کہ بجٹ میں کیپیٹل اخراجات کے لیے کوئی واضح روڈ میپ موجود نہیں ہے۔ بجٹ کو ’’عوام دشمن‘‘ قرار دیتے ہوئے انہوں نے انتودیہ انا یوجنا (اے اے وائی) مستحقین سے کیے گئے وعدوں کے پورا نہ ہونے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔سنیل شرما نے کہا کہ مفت بجلی اور ایل پی جی سلنڈر فراہم کرنے کے وعدے بھی نافذ نہیں کیے گئے۔انہوں نے الزام لگایا’’گزشتہ سال 200 یونٹ مفت بجلی کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر کسی کو نہیں ملی۔ اب چھ ایل پی جی سلنڈروں کا وعدہ بھی غیر واضح ہے۔ یہ عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو مایوس کیا گیا ہے اور حکومت پر ووٹروں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔شرما نے کہا، ’’یہ بجٹ مایوس کن ہے اور حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتا ہے۔
بجٹ عوام دشمن،حکومت کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوگیا: سنیل شرما