عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز کہا کہ حکومت بے روزگاری، بنیادی ڈھانچے کی کمی اور سماجی بہبود جیسے اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔
جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کے سینٹرل ہال میں اراکینِ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر نے کہاحکومت نے اپنے پہلے سال میں ترقی کو وقار کے ساتھ، ترقی کو سماجی انصاف کے ساتھ اور پیش رفت کو امن کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ شمولیاتی طرزِ حکمرانی کے وژن کے تحت، حکومت بے روزگاری، بنیادی ڈھانچے کی خامیوں اور سماجی بہبود کے مسائل کو نئی توانائی اور عزم کے ساتھ حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔”
ایل جی نے کہا کہ حکومت نے عام شہریوں کو متاثر کرنے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک انسانی اور ہمدردانہ رویہ اختیار کیا ہے۔
انھوں نے کہاانتظامیہ میں منصفانہ سلوک، وقار اور حساسیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہےـ
انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین، یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں، کنٹریکٹ ورکرز اور حاشیے پر موجود طبقات سے متعلق فیصلوں کا ہمدردی کے ساتھ جائزہ لیا گیا اور جہاں ضرورت محسوس ہوئی، اصلاحی اقدامات شروع کیے گئے۔
منوج سنہا نے کہا کہ ریزرویشن اصلاحات کے ذریعے عوامی اداروں میں نمائندگی اور شمولیت کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا قبائلی برادریوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس میں ہاسٹلز کا قیام، ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول، اسکالرشپ کی سہولت اور فارسٹ رائٹس ایکٹ پر مؤثر عملدرآمد شامل ہے۔
ایل جی نے کہا کہ گزشتہ سال جموں و کشمیر کے جمہوری سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا، جب کئی برسوں کے بعد منتخب حکومت قائم ہوئی۔
انھوں نے کہا عوامی طرزِ حکمرانی کی اس بحالی نے جمہوری اداروں پر عوام کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔ میری حکومت نے شراکتی حکمرانی کی بحالی، عوامی اعتماد کی تعمیرِ نو اور اس بات کو یقینی بنانے پر توجہ دی ہے کہ ہر خطے اور ہر طبقے کی آواز پالیسی سازی میں شامل ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت نے عوام دوست اور جوابدہ انتظامیہ پر خصوصی زور دیا۔
“وزیر اعلیٰ کے آؤٹ ریچ آفس میں باقاعدہ عوامی شکایت ازالہ اجلاسوں اور جے کے سمادھان پورٹل کو مضبوط بنانے کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ حکمرانی عوام کی دہلیز تک پہنچے۔ انھوں نے کہا ہزاروں شکایات کو مقررہ مدت میں حل کیا گیا، جس سے حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد مزید مستحکم ہواـ
لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ اچھی حکمرانی بدستور جموں و کشمیر میں حکومت کی ترقیاتی حکمتِ عملی کا بنیادی ستون ہے۔
انھوں نے کہا شفافیت، جوابدہی، ڈیجیٹل گورننس اور عوام مرکز خدمات کی فراہمی میں مسلسل اصلاحات سے عوامی اعتماد اور ادارہ جاتی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
یہ این سی کی قیادت والی حکومت کے قیام کے بعد لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا جموں و کشمیر اسمبلی میں تیسرا خطاب تھا۔
ایل جی کا اسمبلی سے خطاب منتخب حکومت کی جانب سے تیار کیا جاتا ہے، جس میں حکومت کی پالیسیوں، کامیابیوں اور آئندہ سال کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا جاتا ہے۔ جموں و کشمیر تنظیمِ نو ایکٹ 2019 کے تحت لیفٹیننٹ گورنر کا اسمبلی سے خطاب ایک آئینی تقاضا ہے۔
ایکٹ کی دفعہ 18 کے مطابق، عام انتخابات کے بعد اسمبلی کے پہلے اجلاس اور ہر سال کے پہلے اجلاس کے آغاز پر لیفٹیننٹ گورنر اسمبلی سے خطاب کرے گا۔
جموں و کشمیر اسمبلی میں ایل جی منوج سنہا کا خطاب: بے روزگاری، بنیادی ڈھانچے اور سماجی بہبود کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت پُرعزم