عظمیٰ ویب ڈیسک
جئے پور/معروف سماجی کارکن سونم وانگچُک، جو اس وقت قومی سلامتی قانون (NSA) کے تحت جودھپور سنٹرل جیل میں قید ہیں، کی طبیعت خراب ہونے پر ہفتہ کی صبح انہیں طبی معائنے کے لیے ایمز جودھپور لے جایا گیا۔ذرائع کے مطابق، وانگچُک کو سخت سکیورٹی میں صبح تقریباً 6:30 بجے ایمزکے پچھلے دروازے سے اسپتال لایا گیا۔ پہلے انہیں فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبلیٹیشن (PMR) شعبے میں لے جایا گیا اور بعد میں آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (OPD) میں معائنہ کیا گیا۔ وہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک اسپتال میں رہے، جس کے بعد انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ اس سے ایک دن قبل، جمعہ کو بھی ان کا ایمز میں طبی معائنہ ہوا تھا۔
ایمز ذرائع کے مطابق، سونم وانگچُک معدے سے متعلق مسائل اور جسم کے مختلف حصوں میں درد میں مبتلا ہیں۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جودھپور سنٹرل جیل میں مبینہ طور پر آلودہ پانی ان کی صحت بگڑنے کی وجہ ہو سکتا ہے۔اگرچہ ابتدا میں PMR شعبے کے ماہرین سے مشاورت پر غور کیا گیا تھا، تاہم بعد میں انہیں ایمرجنسی شعبے میں معدے کے ماہر (گیسٹرو اینٹرولوجسٹ) نے معائنہ کیا، جس کے بعد پولیس اسکواڈ انہیں واپس جیل لے گیا۔
دریں اثنا، سونم وانگچُک کی اہلیہ گیتانجلی انگمو نے اپنے شوہر کے لیے فوری طبی سہولتوں کے حصول کی غرض سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ وکیل کے ذریعے دائر درخواست میں انہوں نے کہا کہ وانگچُک گزشتہ کئی ہفتوں سے مسلسل معدے کے درد میں مبتلا ہیں، جس کی وجہ جیل میں فراہم کیے جانے والے پینے کے پانی کا معیار ہے۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ماہر ڈاکٹر جیل میں معائنے کے لیے نہیں آ رہے، اور ہفتہ وار طبی جانچ کے ساتھ ساتھ اہلِ خانہ کی جانب سے صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کی اجازت مانگی ہے۔
درخواست پر غور کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے جیل انتظامیہ کو ہدایت دی کہ سونم وانگچُک کا کسی سرکاری اسپتال کے ماہر ڈاکٹر سے معائنہ کرایا جائے اور طبی رپورٹ 2 فروری تک سیل بند لفافے میں عدالت میں پیش کی جائے۔اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں گیتانجلی نے لکھا8، 12 اور 29 جنوری 2026 کو ہونے والی تین سماعتوں، جن کا مجموعی دورانیہ 5.5 گھنٹے رہا، کے دوران وانگچک کی نظر بندی کے حکم میں طریقہ کار کی خامیاں اور ان کی ویڈیوز کی جان بوجھ کر غلط تشریح سامنے آئی۔ دوسرے فریق کو 2 فروری کو سنا جائے گا۔جیل انتظامیہ کے مطابق، سونم وانگچُک کا اب تک 21 مرتبہ جیل ڈاکٹروں کے ذریعے معائنہ کیا جا چکا ہے۔ سونم وانگچُک 26 ستمبر گزشتہ سال سے لیہہ، لداخ میں تشدد کے ایک معاملے کے سلسلے میں جودھپور سنٹرل جیل میں عدالتی حراست میں ہیں۔
سونم وانگچُک کی طبیعت ناساز، جودھپور جیل سے ایمزمنتقل