عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما اشونی کمار چرنگو نے ایم ایل اے شوپیاں شبیر احمد کلّے کے کشمیری پنڈتوں سے متعلق حالیہ بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ’’انتہائی زہریلا اور شدید تضحیک آمیز ‘‘ قرار دیا ہے۔چرنگو نے آج جاری ایک بیان میں کہا، ہم حالیہ دنوں میں کشمیر مرکز سیاسی نمائندوں کی جانب سے جلاوطن کشمیری پنڈتوں کے سماجی و سیاسی منظرنامے پر دیے گئے متعدد بیانات سے واقف ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں شوپیاں سے این سی کے ایم ایل اے شبیر احمد کلّے کا تازہ بیان نہایت زہریلا اور افسوسناک ہے،جس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہ سیاسی و مذہبی شخصیات آئے دن یہ دہراتی ہیں کہ ’’کشمیری پنڈتوں کے بغیر کشمیر نامکمل ہے‘‘جبکہ دوسری طرف وہ بے گھر برادری کے خلاف کھلے عام اور پرتشدد الزامات لگانے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتیں۔چرنگو نے مزید کہافاروق عبداللہ، محبوبہ مفتی، میر واعظ عمر فاروق اور اب شوپیاں کے ایم ایل اے کلّے کے بیانات اسی مسلم اکثریتی نظریے کا واضح ثبوت ہیں۔ ہم ان بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور انہیں مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
ایم ایل اے شبیر کُلے کے کشمیری پنڈتوں سے متعلق بیان ،بی جے پی کے اشونی کمار چرنگو کی سخت الفاظ میں مذمت