عظمیٰ ویب ڈیسک
کشتواڑ/جموں و کشمیر کے محکمۂ داخلہ نے سکیورٹی کے پیشِ نظر کشتواڑ ضلع کے بعض علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ خدمات عارضی طور پر معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔سرکاری حکم نامے کے مطابق کشتواڑ کے سنگھ پورہ، چنگام اور چھاترو علاقوں میں 2G، 3G، 4G اور 5G سمیت تمام موبائل انٹرنیٹ خدمات 29 جنوری 2026 کی رات 12 بج کر 01 منٹ سے 30 جنوری 2026 کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک معطل رہیں گی۔ یہ اقدام شرپسند عناصر کی جانب سے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔یہ حکم پرنسپل سیکرٹری محکمۂ داخلہ چندرکانت بھارتی نے جاری کیا، جو انسپکٹر جنرل پولیس، جموں زون کی جانب سے فراہم کردہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ہے۔ آئی جی پی جموں زون کو عارضی معطلی ٹیلی کمیونیکیشن سروسز رولز، 2024 کے تحت مجاز افسر قرار دیا گیا ہے۔
ہدایت کے مطابق معطلی کا اطلاق ہر ایک شناخت شدہ مقام کے گرد چھ کلومیٹر کے دائرے میں ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیز رفتار موبائل ڈیٹا خدمات شرپسند عناصر کے ہاتھوں استعمال ہو کر امن و امان کی صورتحال کو خراب کر سکتی ہیں اور یونین ٹیریٹری کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
محکمۂ داخلہ نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ بھارت کی خودمختاری و سالمیت، جموں و کشمیر کی سلامتی اور عوامی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے مفاد میں لیا گیا ہے۔ معطلی کا یہ حکم ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ، 2023 اور عارضی معطلیٔ ٹیلی کمیونیکیشن سروس رولز، 2024 کی متعلقہ دفعات کے تحت باضابطہ طور پر منظور کیا گیا ہے۔
کشتواڑ کے بعض علاقوں میں سکیورٹی وجوہات کے پیشِ نظر موبائل انٹرنیٹ معطل